اسرائیل اپنے پڑوسیوں کا دشمن اور غزہ میں نسل کشی میں مصروف ہے، قطر

بدھ 24 ستمبر 2025 08:50

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ایک جمہوری ملک نہیں ہے جو دشمنوں سے گھرا ہوا ہے، بلکہ اپنے آس پاس کے پڑوسیوں کا دشمن ہے۔عرب نیوز کے مطابق شیخ تمیم بن حمد الثانی اس ماہ کے شروع میں دوحہ میں حماس کے مذاکرات کاروں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے کے بعد جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایک قطری شہری سمیت چھ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

امیر نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی میں مصروف ہے، اور اس کے لیڈر کو فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنے پر فخر ہے، اور وہ وعدہ کرتا ہے کہ ایسی ریاست کبھی قائم نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایسی ریاستوں سے گھرا ہوا ہے جنہوں نے یا تو امن معاہدے پر دستخط کئے ہیں یا جو عرب امن اقدام کے لیے پرعزم ہیں، لیکن اسرائیل جنگ بندی اور تصفیے کے ساتھ کوئی کام نہیں کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ اپنے ارد گرد کے عرب پڑوسیوں پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتا ہے، اور جو بھی اس کی مرضی کی مخالفت کرتا ہے وہ یا تو یہود دشمن یا دہشت گرد ہے۔ حتیٰ کہ اسرائیل کے اتحادی بھی اس حقیقت کو سمجھتے ہیں اور اسے مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوحہ میں اسرائیل کی جانب سےحملہ غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے وزیراعظم کے دعوے کے برعکس یہ حملہ دہشت گردی کے مرتکب افراد کی پیروی کرنے کا جائز حق نہیں ہے۔ اور یہ غزہ میں لوگوں کے خلاف نسل کشی کو ختم کرنے کے لیے کسی بھی سفارتی کوشش کو نقصان پہنچاتا ہے۔