Live Updates

چیئرمین سینیٹ کا پی ٹی آئی سینیٹرز کے کمیٹیوں سے استعفے فی الحال منظور نہ کرنے کا فیصلہ

تحریک انصاف کے ارکان کی غیرموجودگی کے باوجود کمیٹیوں کے اجلاس معمول کے تحت ہوتے رہیں گے؛ حکومتی ذرائع

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 ستمبر 2025 12:05

چیئرمین سینیٹ کا پی ٹی آئی سینیٹرز کے کمیٹیوں سے استعفے فی الحال منظور ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2025ء ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے فی الحال منظور نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی ارکان کی طرف سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے بعد اس حوالے سے حکومتی حکمت عملی بھی سامنے آئی ہے جس کے تحت چیئرمین سینیٹ نے فی الحال پی ٹی آئی سینیٹرز کے استعفے منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کی غیر موجودگی کے باوجود کمیٹیوں کے اجلاس معمول کے تحت ہوتے رہیں گے اس دوران پی ٹی آئی سینیٹرز کو بطور چیئرمین اور رکن کمیٹی مراعات بھی جاری رہیں گی، چیئرمین سینیٹ کی طرف سے سینیٹ سیکرٹریٹ کو اس سلسلے میں ضروری احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ نے پی ٹی آئی سینیٹرز کے استعفوں کے بارے میں پارٹی قیادت سے مزید گائیڈ لائنز حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس وقت تک اپوزیشن ارکان کے عدم موجودگی میں ہی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت اپوزیشن کے کنونیئر کریں گے اور حکومتی ارکان کو قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں کورم پورا کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی سینیٹرز کو سینیٹ کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا حکم دیا گیا، اس حوالے سے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے سینیٹرز کو سینٹ کی کمیٹیوں سے استعفوں کا حکم دیا ہے، اس کے علاوہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کا شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹروں سے چیک اپ کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ بشریٰ بی بی کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے، 3 دن سے انہیں مسلسل چکر آ رہے ہیں اور کھڑے ہو کر چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات