فیصل آباد کے درآمدی و برآمدی پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کیلئے ڈرائی پورٹ کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی،چیف کلکٹر کسٹمز

بدھ 24 ستمبر 2025 13:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) فیصل آباد کے درآمدی اور برآمدی پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کیلئے ڈرائی پورٹ کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ یہ بات چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ پنجاب محمد علی رضا ہنجرہ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے فیصل آباد کے صنعتکاروں کو خاموش سپاہی قرار دیا جو مشکلات کے باوجود معیشت کی بحالی کیلئے جہاد کر رہے ہیں۔

انہوں نے درآمدی اور برآمدی تاجروں کو یقین دلایا کہ انفورسمنٹ پر کمپرومائز کئے بغیر بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیصل آباد میں ہی اُن کو بنیادی سہولتیں مہیا کی جائیں تو کوئی بھی کراچی سے سامان کی کلیئرنس کو ترجیح نہیں دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ جو مسائل اُن کے بس میں ہیں اُن کو فوری طور پر حل کیا جائے گا جبکہ دیگر مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں اور اعلیٰ افسران کولکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیڈمک میں کسٹم کا آفس بن سکتا ہے تاکہ یہاں سے درآمد و برآمد کیلئے براہ راست سہولتیں مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں سے ٹرین کے ذریعے سامان کی نقل وحمل کو بھی شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے فیصل آباد بارے چیمبر کی دستاویزی فلم کو سراہا اور کہا کہ وہ اِس کی کاپی مہیا کریں تاکہ اِس کو وسط ایشیا میں ایف بی آر کے ٹریڈنگ پارٹنرز سے شیئر کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت فیصل آباد اِن ملکوں کے رڈار پر نہیں تاہم اس ڈاکو منٹری کے بعد وہ یہاں آ کے باہمی تجارت کو فروغ دے سکیں گے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کا تعارف پیش کیا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر اس سال اپنی کامیابیوں کی پچاسویں سالگرہ منا رہا ہے۔

انہوں نے چیمبر کے بانی سید نذر حسین شاہ کا ذکر کیا اور کہا کہ اُن کے بعد میاں محمد ادریس اور میاں جاوید اقبال نے اس کو ترقی کے بام عروج تک پہنچایا۔ انہوں نے سمگلنگ کے خاتمے کیلئے سرحدوں پر چیکنگ سخت کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جو لوگ اندرون ملک سے سامان خریدکے لاتے ہیں انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔ انہوں نے کراچی میں فیس لیس سسٹم کے نفاذ کو سراہا اور کہا کہ بعض عناصر اس کے بارے میں منفی پراپیگنڈا پھیلا رہے ہیں تاہم توقع ہے کہ اس میں وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی۔

اس موقع پر سوال و جواب کی نشست میں ڈرائی پورٹ کے بانی چیئرمین میاں محمد لطیف، عارف احسان ملک، وحید خالق رامے اور حاضر خاں نے حصہ لیا جبکہ ڈرائی پورٹ کے موجودہ چیئرمین مزمل سلطان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے چیف کلکٹر کسٹمز پنجاب محمد علی رضا ہنجرہ کو چیمبر کی 50ویں سالگرہ کے سلسلہ میں خصوصی کالر پن لگائی اور میاں محمد لطیف کے ہمراہ شیلڈ بھی پیش کی۔ بعد میں چیف کلکٹر کسٹمز پنجاب نے چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ اس موقع پر کلکٹر کسٹمز فیصل آباد رضوان بشارت بھی موجود تھے۔