پروفیسر عبدالغنی بھٹ کی جدوجہد اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،چوہدری نعیم اختر

بدھ 24 ستمبر 2025 17:49

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء) چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے تحریک آزادی کشمیر کے نامور رہنما،مسلم کانفرنس سری نگر کے صدر،کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین و ترجمان پروفیسر عبدالغنی بھٹ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے دی جانے والی خدمات کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بھٹ کی جدوجہد اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

چوہدری نعیم اختر نے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بھٹ ایک عظیم مفکر، دانشور اور تحریک آزادی کے بے مثال رہنما تھے انہوں نے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بھٹ مرحوم نے اپنی پوری زندگی نظریہ الحاقِ پاکستان، ''کشمیر بنے گا پاکستان'' اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے وقف کر دی۔

(جاری ہے)

ان کی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات ناقابلِ فراموش ہیں پروفیسر عبدالغنی بھٹ کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔

انھوں نے پروفیسر عبدالغنی بھٹ کے اہلخانہ،دوست احباب،مقبوضہ جموں وکشمیر میں حریت قیادت کے قائدین و کارکنان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور پوری کشمیری قوم کو یہ سانحہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔آمین۔