سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیوکراچی مسائل کا شکار، 11 وینٹی لیٹر مشینوں کے باوجود آئی سی یو غیرفعال

بدھ 24 ستمبر 2025 14:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)کراچی کے سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی میں جدید مشینوں سے لیس آئی سی یو کو ٹیکنیکل اسٹاف نہ ہونے کے سبب تالے لگ گئے۔تفصیلات کے مطابق سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیوکراچی مسائل کا شکار ہے، ہسپتال میں 11 وینٹی لیٹرز مشینیں تو موجود ہیں لیکن ٹیکنیکل اسٹاف کی کمی ہے، جس کے باعث آئی سی یو غیر فعال ہوگئے۔

یاد رہے کہ سندھ گورنمنٹ نیو کراچی ہسپتال میں 11 وینٹی لیٹرز مشینیں کورونا کے دور میں خریدی گئیں تھیں۔

(جاری ہے)

جدید مشینوں سے لیس آئی سی یوکو ٹیکنیکل اسٹاف نہ ہونے کے سبب تالے لگ گئے، یومیہ 200 سے زائد مریض آئی سی یو بند ہونے کے باعث نجی ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہوگئے۔آئی سی یو میں کڑوروں مالیت کے وینٹی لیٹرز سمیت جدید آلات اپنی معیاد کھونے لگے جب کہ ہسپتال میں ٹیکنیکل اسٹاف نہ ہونے سے اطراف کی آبادی کے مکین جدید طبی سہولت سے محروم ہیں۔ایم ایس سندھ گورنمنٹ نیو کراچی ہسپتال کے مطابق ہسپتال کے دیگر شعبہ جات کی طرح آئی سی یو بھی فعال کرنا چاہتے ہیں، ہسپتال میں تینوں شفٹوں کے لیے ٹیکنیکل اسٹاف کی ضرورت ہے، اسٹاف کی سمری محکمہ صحت سندھ کو ارسال کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :