ْکراچی ، انٹرمیڈیٹ بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز سرکاری کالجز کے طلبہ کیلئے الیکٹرک بائیکس کا انعام

بدھ 24 ستمبر 2025 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے سرکاری کالجز کے طلبا کو انعام میں وزیر اعظم پروگرام کے تحت الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم ای) نے پوزیشن ہولڈرز کو مکمل فری اسکالر شپ دینے کا بھی اعلان کیا ہے اس حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا جائیگا جس میں کراچی کے سرکاری کالجز کے پوزیشن ہولڈر طلبا اور ان کے والدین سمیت اہم شخصیات شریک ہوں گی، طلبا کو انعام میں الیکٹرک بائیکس دینے کے لیے الیکٹرک موٹرسائیکلیں پہنچا دی گئی ہیں۔

چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ فقیر محمد لاکھو کے مطابق کراچی کے پوزیشن ہولڈر طلبا کو یہ الیکٹرک موٹر سائیکلیں وزیر اعظم پروگرام کے تحت دی جائیں گی اور 2030 تک ہر سال یہ سلسلہ جاری رہے گا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے ہونہار طلبا کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان کیا تھا۔