ملتان کی سیشن عدالت کا قتل کے مجرم کو پھانسی کی سزا کا فیصلہ

بدھ 24 ستمبر 2025 16:38

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) ملتان کی سیشن عدالت نے قتل مقدمہ میں گرفتار مجرم کو پھانسی اور25لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کاحکم دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے ٹرائل مکمل ہونے پر قتل مقدمہ کا فیصلہ سنایا۔

(جاری ہے)

معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم ماجد جاوید کو پھانسی کی سزا سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ مجرم مقتول کے ورثاءکو 25 لاکھ روپے ہرجانہ کے طور پر بھی ادا کرے گا، عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید چھ ماہ قید ہوگی۔

مجرم نے سال 2023ءمیں تھانہ لوہاری گیٹ کے علاقہ ریواڑی محلہ میں مقتول عامر علی کوبھتہ نہ دینے پر پستول سے فائر کر کے ناحق قتل کر دیا تھا۔پولیس تھانہ لوہاری گیٹ نے وقوعہ کا مقدمہ 560/23 بجرم 302 درج کر کے اور ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ تفتیش مکمل کر کے چالان عدالت میں پیش کیا ۔جس پر عدالت کی طرف سے مجرم کو پھانسی اور ہرجانے کی رقم ادا کرنے کی سزا سنائی گئی۔