Live Updates

بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان، سندھ و دیگر دریاؤ ں میں سیلابی

بدھ 24 ستمبر 2025 19:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ اور دریائے کابل کے بالائی علاقوں سمیت راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، کوٹری بیراج پر تقریباً چار لاکھ کیوسک پانی کے بہاؤ کے ساتھ درمیانے درجے کی سیلابی کیفیت موجود ہے، جو ستمبر کے آخر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

ادھر گڈو اور سکھر بیراج پر پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی دیکھی جا رہی ہے اور صورتحال معمول کے مطابق ہے، تاہم دیگر مقامات پر سیلابی خطرات تاحال موجود ہیں۔

(جاری ہے)

دریائے راوی میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں کمی کا رجحان ہے، جبکہ سلیمانکی اور اسلام بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ دریاؤں میں موجودہ بہاؤ کے باعث مختلف نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خطرہ بدستور موجود ہے، جس کے پیش نظر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی صورت سیلابی ریلوں کو عبور نہ کریں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر تمام تر صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، اور متعلقہ اداروں کو مسلسل آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ اتھارٹی نے امدادی کیمپوں میں مقیم متاثرہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ واپسی کے فیصلے میں جلد بازی نہ کریں اور صرف متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ الرٹ رہیں، اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل رکھیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات