منگھوپیر ٹاؤن مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، عوام مزید اس نظام سے بیزار آچکے ہیں ، مولانا سمیع سواتی

بدھ 24 ستمبر 2025 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)جمعیت علما اسلام سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی نااہلی اور بے حسی کے باعث منگھوپیر ٹان مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے صرف جے یو آئی ہی سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، اسی جذبے کے تحت ہمارے نمائندے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

وہ یوسی 10 منگھوپیر ٹان میں جے یو آئی کے بلدیاتی انتخابی کیمپوں کے دورے کے موقع پر کارکنان اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر جے یو آئی ضلع غربی کے امیر مفتی محمد خالد، سیکریٹری جنرل قاری اشرف مینگل، قاری یونس قاسمی سمیت پارٹی کے ضلعی ذمہ داران ان کے ہمراہ تھے۔ جبکہ جے یو آئی کے سینئر رہنما محمد شریف گبول، مولانا عبد الرحمن ترندی، مولانا بختیار کاکڑ، مولانا سعید بدری، مولانا عبداللہ صافی، مصطفی بدر برکی، ڈاکٹر محمد علی، مولانا محمد اسحاق، مفتی امان اللہ کاکڑ، حبیب باجوڑی اور قاری فیاض چنا بھی دورے میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق سواتی نے کہا کہ جے یو آئی عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہمارے نمائندے خلوص نیت کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حق رائے دہی کا احترام لازمی ہے اور جے یو آئی کے کارکن اپنے ووٹ اور مینڈیٹ کا بھرپور تحفظ کریں گے۔جے یو آئی ضلع غربی کے امیر مفتی محمد خالد نے کہا کہ یوسی 10 تائیسر ٹان میں جے یو آئی وائس چیئرمین کے عہدے کے لئے انتخابی میدان میں ہے۔ اس موقع پر مولانا سمیع الحق سواتی نے امید ظاہر کی کہ عوام انتخابی نشان کتاب پر مہر لگا کر جے یو آئی کے امیدوار مخدوم جاوید کو کامیاب بنائیں گے تاکہ علاقے کے مسائل حل ہو سکیں۔