آر ڈی اے ٹاسک فورس کے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز جاری

بدھ 24 ستمبر 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے ٹاسک فورس نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز جاری ہیں۔ حالیہ کارروائی کے دوران غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم ودیگر میں باؤنڈری وال گرادی گئی، مین ہول پائپ مسمار کر دیے گئے، سائٹ آفس سیل کر دیا گیا اور سکیم کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی۔

اسی طرح وڈیا ہومز موضع مورگاہ میں باڑ، سیکیورٹی گارڈ روم، مرکزی دروازہ اور بیریئر کو مسمار کر دیا گیا۔ مزید برآں وزیر ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میں کمرشل مارکیٹوں میں زیر تعمیر شدہ 40 غیر قانونی دکانوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق یہ کارروائیاں ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی نگرانی میں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف سخت اور بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو دھوکہ دہی اور استحصال سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کی جانب سے زمینوں پر قبضے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، جن پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ مزید برآں آر ڈی اے باقاعدگی سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے پریس ریلیز جاری کرتا ہے اور شہریوں کو ہدایت دیتا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔

عوام سے اپیل ہے کہ سرمایہ کاری سے قبل آر ڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر معلومات چیک کریں اور صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں ہی لین دین کریں۔ ترجمان آرڈی اے نے کہا کہ مذکورہ ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان اور سپانسرز کو غیر قانونی تشہیر، بُکنگ اور ترقیاتی سرگرمیاں روکنے کے نوٹسز دیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود وہ بکنگ آفس چلا رہے تھے جس پر قانون کے مطابق کارروائی کی گئی۔ یہ آپریشنز آر ڈی اے کے افسران بشمول اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول شیزا بٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ علی رضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مہوش نسیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ احمد حسن اور دیگر عملہ نے تھانہ نیو ایئرپورٹ اسلام آباد کی پولیس کے تعاون سے کیا۔

متعلقہ عنوان :