Live Updates

سید یوسف رضا گیلانی سے یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاربلیس کی ملاقات، پاک یورپی یونین تعلقات میں مزید وسعت پر زور

بدھ 24 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے یورپی یونین کے سفیر برائے پاکستان ریمونڈس کاربلیس نےپارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پارلیمانی سفارتکاری، علاقائی استحکام اور عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا گیا۔

بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات جمہوری اقدار، بین الاقوامی قانون کے احترام اور عالمی امن و تعاون کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان یورپی یونین کی پارلیمان کے ساتھ قریبی روابط کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

یورپی سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ملاقات میں تجارت، ترقیاتی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور سلامتی سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ نے یورپی یونین کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں شمار کیا اور جی ایس پی پلس اسکیم کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا جس کے تحت پاکستان میں برآمدات میں تنوع، روزگار کے مواقع اور پائیدار ترقی کو فروغ ملا ہے۔

سرمایہ کاری کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے یورپی یونین کے سفیر کو اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے بارے میں بریف کیا، جو کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پیش گوئی پر مبنی اور سازگار ماحول فراہم کرنے کا قومی پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے یورپی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آئی ٹی، قابلِ تجدید توانائی، زراعت، معدنیات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی، جو یورپی یونین کی "گلوبل گیٹ وے اسٹریٹیجی" کے عین مطابق ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے خواتین کوبااختیار بنانے پر پاکستان کی توجہ کا ذکر کیا جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری بالخصوص یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ کشمیر سمیت فلسطین جیسے دیرینہ مسائل کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔چیئرمین سینیٹ نے پارلیمان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے جاری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے خطے کے پہلے اے آئی پر مبنی پارلیمانی چیٹ بوٹ کے مجوزہ آغاز کا ذکر کیا، جو قانون سازی میں بہتری اور عوامی روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے یورپی پارلیمان کے حقوق پر مبنی فریم ورک کو ایک بہترین مثال قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ کی مشیر برائے خصوصی اقدامات و سرمایہ کاری ردا قاضی نے "مستحکم پارلیمان" منصوبے اور اے آئی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں جمہوری عمل میں مصنوعی ذہانت کے استعمال میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے اور اس ضمن میں یورپی یونین کے ساتھ قانون سازی، علم کے تبادلے اور صلاحیت بڑھانے کے لیے تعاون ناگزیر ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی مشیر برائے پارلیمانی سفارتکاری مصباح کھر نے پاکستان کے عالمی پارلیمانی فورمز میں فعال کردار سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو 45 ممالک پر مشتمل انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (ISC) کا بانی چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔یورپی یونین کے سفیر کو آئندہ آئی ایس سی کانفرنس میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی، جو 11 اور 12 نومبر 2025ء کو اسلام آباد میں "امن، ترقی، استحکام اور سلامتی" کے موضوع پر منعقد ہوگی۔ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے علاوہ کثیرالجہتی نظام، ماحولیاتی تبدیلی، انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) پر بھی بات چیت ہوئی۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ ملاقات پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر اور ردا قاضی سمیت سینئر ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول طارق بن وحید بھی موجود تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات