Live Updates

پاکستانی کافی اچھے لوگ ہیں، بہترین کھانا کھلاتے ہیں،بھارتی بولر مہمان نوازی کے معترف

ہم کھیلنے کیلئے پاکستان بھی گئے، وہ برے نہیں اصل میں بہت اچھے انسان ہیں،گفتگو

جمعرات 25 ستمبر 2025 01:00

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)بھارتی فاسٹ بولر اشانت شرما نے اپنے کیریئر میں دورہ پاکستان کی یاد تازہ کرتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کافی اچھے لوگ ہیں، اچھا استقبال کرتے ہیں، اچھا کھانا کھلاتے ہیں۔بھارتی یوٹیوب چینل کے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اشانت شرما نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ ماحول(کشیدگی) تو اب بنا ہے ، شروع میں تو ہم لوگ سیریز بھی ساتھ کھیلتے تھے۔

(جاری ہے)

اشانت شرما نے کہا کہ ہم کھیلنے کیلئے پاکستان بھی گئے، وہ برے نہیں اصل میں بہت اچھے انسان ہیں، اچھا استقبال کرتے ہیں، اچھا کھانا کھلاتے ہیں ،ہمیں ان کے ساتھ بہت مزہ آتا تھا۔ میزبان کے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں پریشر زیادہ ہی ہوتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے پہلے پاک بھارت میچ کا پریشر زیادہ ہوتا تھا کیوں کہ بھارتی ٹیم جس پاکستانی ٹیم کے خلاف کھیلتی تھی اس میں وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر ، شاہد آفریدی ، ثقلین مشتاق ، انضمام الحق جیسے کھلاڑی شامل تھے، یہ سب بڑے کھلاڑی تھے۔واضح رہے کہ 2008 میں پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی اور اس وقت اشانت شرما بھارتی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل تھے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات