لیہہ میں پر تشدد مظاہرے بھارتی حکومت کیلئے چشم کشا ہیں ، عمرعبداللہ

بھارتی حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ لوگ ریاستی حیثیت کی عدم بحالی پر کس قدر ناراض ہیں

جمعرات 25 ستمبر 2025 13:44

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ لداخ خطے کے علاقے لیہہ میں ہونے والے پر تشدد مظاہرے بھارتی حکومت کے لیے چشم کشا ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ لوگ ریاستی حیثیت کی عدم بحالی پر کس قدر ناراض ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے لیہہ میں مظاہرین پر بھارتی فورسز کی فائرنگ اور ہلاکتوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لداخ کو 2019 میں یونین ٹیریٹری کے طور پر الگ کرتے وقت ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ بھی نہیں کیا گیا تھا لہذاوہاں کے لوگ اب اچھی طرح جان چکے ہیں کہ انکے ساتھ سخت دھوکہ دہی کی گئی ہے۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ جموںوکشمیر کے لوگوں سے وعدہ کیا گیا تھا کہ انکا ریاستی درجہ بحال کیا جائے جو ابھی تک پورا نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

عمر عبداللہ نے ’’ایکس ‘‘ پر لکھا کہ جموںوکشمیر کے لوگوں کے ساتھ بھی دھوکہ دہی کی گئی ، ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا اور لوگ سخت بددل اور مایوسی کا شکار ہیں۔عمر عبداللہ نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے بی جے پی کو انتخابات میں مسترد کیا اور یہ جماعت اب اسی کی سزا یہاں کے لوگوں کو دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ انتخابات کے بعد جموںوکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا لیکن وہ اپنے وعدے سے مکر گئی ہے۔