کشمیریوں کی جدوجہد کو صرف ریاستی درجے کی بحالی تک محدود رکھنا گمراہ کن ہے، محبوبہ مفتی

جمعرات 25 ستمبر 2025 13:44

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ علاقے کے لوگوں کی جدوجہد کو صرف ریاستی درجے کی بحالی تک محدود رکھنا گمراہ کن اور انکی حقیقی امنگوں کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ اصل مسئلہ وقار، حقوق ، اراضی، ملازمتوں اور وسائل کے تحفظ کا ہے اور جدوجہد کو صرف ریاستی درجے کی بحال تک محدود رکھنا لوگوں کی خواہشات کو نظر انداز کر کے بی جے پی کے بیانیے کو تقویت دینا ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ لداخ خطے میں بھی لوگ کھلے عام اپنی مایوسی اور عدم اطمینان کا بھر پور اظہار کر رہے ہیں، انہیں بھی اپنی زمین، معاش اور شناخت پر کنٹرول کھونے کا ڈر و خوف ہے۔انہوں نے کہاکہ لیہہ میں بغاوت،مظاہرین کا پولیس کی گاڑیوں ، بی جے پی کے دفتر کو آگ لگانا لداخیوں میں بڑھتی ہوئی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیہہ جو پرامن جانا جاتا ہے، اب پرتشدد مظاہروں کی لپیٹ میں ہے کیونکہ وہاںکے لوگ بھی سمجھتے ہیں کہ انکے ساتھ دھوکہ دہی ہوئی ہے۔