لالہ حنیف اعوان ایک جری سچے مخلص اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما تھے،طاہر کھوکھر

جمعرات 25 ستمبر 2025 13:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)پاسبان وطن پاکستان کے مرکزی صدر اور سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے معروف سیاسی رہنمابزرگ پارلیمنٹرین اور سابق وزیر لالہ حنیف اعوان کی وفات پر انتہائی رنج و غم کا اظہارانہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ لالہ حنیف اعوان ایک جری سچے مخلص اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما تھے ان کا شمار اُن شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی حقوق کی جدوجہد جمہوریت کے فروغ اور محروم طبقے کی آواز بن کر گزاری ان کی وفات سے کشمیر کی سیاسی سماجی اور اخلاقی فضا ایک عظیم انسان سے محروم ہو گئی ہے۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ مرحوم لالہ حنیف اعوان نہ صرف سیاستدان تھے بلکہ عوام کی رہنمائی کرنے والی شخصیت تھے انہوں نے ہر طبقے کے ساتھ برابری خلوص اور محبت کا برتاؤ کیا وہ ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہے اور ہر فورم پر حق اور سچ کی آواز بلند کی ان کی خدمات کا دائرہ صرف سیاست تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ سماجی شعبوں میں بھی نہایت سرگرم اور فعال کردار ادا کرتے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ روز روز پیدا نہیں ہوتے لالہ حنیف اعوان جیسی شخصیات صدیوں میں جنم لیتی ہیں ان کی سادگی ایمانداری بے لوث خدمت اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے کی روش آج کے سیاستدانوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔طاہر کھوکھر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مرحوم کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کسی سرکاری ادارے یا تعلیمی مرکز کو ان کے نام سے منسوب کیا جائے تاکہ ان کی یاد کو زندہ رکھا جا سکے اور نئی نسل ان کی خدمات سے روشنی حاصل کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ لالہ حنیف اعوان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ نہ صرف ان کے خاندان کے لیے بلکہ ملک کی سیاسی فضا کے لیے بھی ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔طاہر کھوکھر نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے ان کی بخشش و مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ عزیز و اقارب اور چاہنے والوں کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین