پنجاب میں کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا احسن اقدام ہے ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:29

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو اور ڈائریکٹر کاونٹر نارکوٹکس لاہور ڈویژن محمد فیصل کی زیرصدارت منشیات کے خاتمے کے لیے اہم اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، ہیلتھ ، ایجوکیشن، پولیس سمیت دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا احسن اقدام ہے ، ضلع ننکانہ میں نارکوٹکس فورس کے نئے تھانے جلد قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس صرف منشیات فروخت کرنے اور پینے والوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے ، پولیس کو منشیات بنانے اور بڑے پیمانے پر ترسیل کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینا ہو گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکول اور کالجز میں بھی منشیات کا استعمال ہونا شروع ہو گیا ہے ، ہمیں نئی نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے اسے روکنا ہو گا اور منشیات بارے بڑے پیمانے پر آگاہی دینا ہو گی۔حکومت پنجاب منشیات کے عادی افراد کے علاج سمیت ان کو ہنر بھی سکھا رہی ہے ہم سب کو حکومت پنجاب کی اس مہم کا حصہ بننا ہو گا تاکہ نئی نسل کو منشیات جیسی بری لت سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ایجنسیز اور دیگر ادارے یونیورسٹیز ، کالجز اور سکولوں کی کینٹینز پر خفیہ چیکنگ یقینی بنائیں ، ہمارے بچوں کے فیوچر کا سوال ہے ہم نے ملکر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سکول و کالجز میں کنٹینز پر کام کرنے والے افراد کا ریکارڈ محفوظ رکھیں ان کے میڈیکل کروائیں ، منشیات کے عادی افراد کو فوری طور پر کینٹینز سے ہٹا دیں اور ان کو حوالہ پولیس کریں۔

ڈائریکٹر کاﺅنٹر نارکوٹکس لاہور ڈویژن محمد فیصل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر نظر رکھنی ہے ہماری آبادی کا 60 فیصد حصہ یوتھ پر ہے۔اسے ہر صورت بچانا ہو گا اگر ہم نے اس ایشو کو سیریس نہ لیا تو ہمیں کل کو پچھتانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں میں آگاہی دینا بہت ضروری ہے اس کے نقصانات بتانے بہت ضروری ہیں ، سکولوں میں اسمبلی کے اندر بھی بتائیں اس میں ڈاکٹر کی ریسرچ بتائیں ہیلتھ کے بارے لیکچر دیں تو اس کا فائدہ ہو گا۔\378