ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس سرگودہا کی کارروائی، نان ڈیوٹی پیڈ و جعلی سگریٹس کی بڑی مقدار تلف

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:53

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ریجنل ٹیکس آفس سرگودہا نے کارروائی کے دوران ایف بی آر ہاؤس فیصل آباد روڈ سرگودہا میں نان ڈیوٹی پیڈ اور جعلی سگریٹس کی بڑی مقدار کو تلف کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کی صدارت چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس سرگودہا فرید اللہ جان خان نے کی۔ تقریب میں ایف بی آر کے افسران کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری محکموں کے افسران، تاجر برادری کے نمائندگان، ٹیکس بار اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریباً 3500 کارٹن جن کی مالیت اندازاً 35 کروڑ روپے تھی کو باضابطہ طور پر تلف کیا گیا۔ چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس سرگودہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نان ڈیوٹی پیڈ اورجعلی مصنوعات کی تجارت قومی خزانے کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ایف بی آر کے اس عزم کی تجدید ہے کہ ٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروبار کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ چیف کمشنر نے مزید کہا کہ یہ اقدام اُن تمام عناصر کے لئے ایک واضح پیغام ہے جو غیر قانونی تجارت میں ملوث ہیں۔ ایف بی آر قانون کی عملداری کو یقینی بنانے اور جائز کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھے گا۔