Live Updates

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو روزگار سکیم میں تبدیل کرنے کی تجویز

ہم چاہتے ہیں اس پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جائے، ہماری خواہش ہے کہ یہ پروگرام لوگوں کو روزگار فراہم کرے، اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بات ہوسکتی ہے؛ وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 ستمبر 2025 17:37

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو روزگار سکیم میں تبدیل کرنے کی تجویز
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر 2025ء ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو روزگار سکیم میں تبدیل کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ کو بے نظیر روزگار سکیم میں تبدیل کردیا جائے، اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بات ہوسکتی ہے کیوں کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی نوعیت کا منصوبہ ہے اور وفاقی سطح پر تجویز ہے کہ اس پروگرام کو صوبے بھی منظور کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام چل رہاہے اور اچھا پروگرام ہے، ہم چاہتے ہیں اس پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جائے کیوں کہ ہماری خواہش ہے کہ یہ پروگرام لوگوں کو روزگار فراہم کرے، جس کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ کو بے نظیر روزگار سکیم میں تبدیل کردیا جائے اور سننے میں آیا ہے کہ اس طرح کی سکیم زیر غور ہے، اگر اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کی کوئی رائے ہے تو انہیں ضرور بتانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پنجاب حکومت کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کی امداد سے انکار کردیا گیا، اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کیا اُن سے عقل لیں جنہوں نے سندھ کو آثار قدیمہ بنادیا؟ سیلاب متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مدد فراہم نہیں کی جا سکتی، جو بی آئی ایس پی سے رجسٹرڈ ہی نہیں انہیں امداد کیسے دی جائے؟ باقی سیلابی سیاست کرنے والوں کے لیے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔

اس حوالے سے پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو استعمال نہ کرنا غفلت کے مترادف ہوگا، پنجاب میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے 40 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوچکے ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کی فراہمی کا سب سے تیز اور مؤثر ذریعہ ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ریاست کے پاس ایک ایسا ادارہ ہے جس کے پاس متاثرہ افراد کا ڈیٹا اور اُن تک رسائی کی صلاحیت ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات