بیرون ملک پاکستانیوں کو عزت و بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ذمہ داری ہے، اسحاق ڈار

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:04

بیرون ملک پاکستانیوں کو عزت و بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ذمہ داری ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2025ء)ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے نیویارک قونصلیٹ میں قونصلر سروسز ایریا کا افتتاح کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان قونصلیٹ جنرل نیویارک کی تاریخی عمارت 1948 میں قائم ہوئی تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو عزت و بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ذمہ داری ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا، بیرون ملک سے ویڈیو لنک کے ذریعے گواہی ریکارڈ کرنے کی سہولت متعارف کرائی ہے۔

مقدمات کی ای فائلنگ، ٹیکسیشن و بینکنگ میں سہولت دی گئی۔ اسحاق ڈارنے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے لیے یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز میں کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پنجاب اور بلوچستان میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سہولت دفاتر قائم کئے گئے ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ ایئرپورٹس پر گرین چینل سہولت بحال کر دی گئی، 126 ممالک کے لیے ویزا پرائر ٹو ارائیول کیٹیگری متعارف کرائی گئی۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم نے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور ٹیم کی کاوشوں کو سراہا،نیویارک قونصلیٹ میں 24 گھنٹے ایمرجنسی ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا گیا، پنجاب لینڈ ریکارڈ کِیوسک کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق قونصلیٹ کا نیا ویب پورٹل لانچ کر دیا گیا، کمیونٹی کو مزید سہولت ملے گی۔نادرا ڈیسک اور آن لائن پاور آف اٹارنی کی سہولت قونصلیٹ میں دستیاب ہے۔ قونصلیٹ میں آن لائن اپوائنٹمنٹ سسٹم کا آغاز کر دیا گیا، باقاعدہ ای کچہریاں اور کمیونٹی ٹاؤن ہالز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے،ثقافتی اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے قونصلیٹ سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔