بنوں،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر جانے والا پولیس کانسٹیبل شہید

جمعرات 25 ستمبر 2025 18:39

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں جمعرات کی صبح نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں سلیم عباس کلاچی نے بتایا کہ واقعہ تحصیل ڈومیل کے باچا خان چوک میں پیش آیا جہاں پولیس کانسٹیبل قدوس خان ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او کے مطابق کانسٹیبل شدید زخمی ہوا اور اسے خلیفہ گل نواز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ریجنل پولیس کے ترجمان خانزالہ قریشی نے کہا کہ شہید ہونے والا پولیس اہلکار وزیر سب ڈویژنل پولیس افسر کا گارڈ تھا، انہوں نے بتایا کہ ڈومیل کے ایس ایچ او اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوع پہنچے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ڈی پی او کلاچی نے کہا کہ واقعے کے بعد ضلع کے مختلف مقامات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے سے خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے، انہوں نے بتایا کہ شہید کانسٹیبل کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔