جنرل بس اسٹینڈ سے باہر گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ،سیکریٹری آر ٹی اے

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:58

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) سیکریٹری آر ٹی اے ملک شیر بہادر چھینہ نے جنرل بس اسٹینڈ پر ٹرانسپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ اب درخواست جمع کروانے، فیس کی ادائیگی اور پرمٹ حاصل کرنے کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ سب سہولت پنجاب پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعے میسر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم سے رشوت اور سفارش کے کلچر کا خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

سیکریٹری آر ٹی اے نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ عوام کے لیے معیاری سفری سہولیات فراہم کریں اور اوورچارجنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنرل بس اسٹینڈ سے باہر گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور خلاف ورزی پر متعلقہ گاڑی تین یوم کے لیے بند کردی جائے گی۔ بعدازاں سیکریٹری آر ٹی اے نے ڈی ایس پی ٹریفک محمد عدنان کے ہمراہ جھنگ موڑ پر تجاوزات کی زد میں آنیوالی 15چوکی کی خالی ہونیوالی جگہ کا معائنہ کیا جسے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی ہدایت پر رکشہ سٹینڈ کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا جارہا ہے تاکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفس اور مرکزی چوک کے سامنے رش اور غیر ضروری پارکنگ سے بچا جا سکے۔\378