Live Updates

ایڈیشنل آئی جی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف کی زیرصدارت اجلاس کا انعقاد

جمعرات 25 ستمبر 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) بلوچستان کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر بدر لائن میں موجودہ حالات کے پیش نظر اہم اجلاس منعقد کیا گیا ،جس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی پولیس کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے کی۔ اجلاس میں ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر ، زونل کمانڈر i، ii، iii، x، iv ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد اللہ اور بلوچستان کانسٹیبلری کے آؤٹ زونز کے زونل کمانڈرز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس/ کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے اجلاس میں موجود تمام آفیسران کو کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان کی واضح ہدایات ہیں کہ کوئی بھی آفیسر کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت سے سخت محکمانہ کاروائی کے علاوہ اس کے خلاف ایف آئی آر درج جائے گی اور ایسی سزادی جائے گی جو سب کرپٹ آفیسران کیلئے ایک سبق ہوگا۔

(جاری ہے)

آغا محمد یوسف نے اجلاس میں کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان نے RRG اور ایلیٹ فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت کی ہے، اس لیے زونل کمانڈر RRG اور SP ایلیٹ فورس اپنی اپنی رائے اور فورس کا مورال بلند کرنے کیلئے آپریشنل اشیا کی ڈیمانڈ دفتر ہذابھجوائیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے خلاف اس فورس کو بروئے کار لایا جا سکے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کی جاسکے۔

انہوں نے تمام زونل کمانڈرز کو ہدایت کی کہ بلوچستان کانسٹیبلری کی تمام پلاٹونز کو 25/25 نفر پر مشتمل کیا جائے، اگر کہیں سے کسی ملازم کو تبدیل کرنا ہو تو اس کا متبادل بھی لازمی فراہم کریں کوئی بھی پلاٹون 25 نفر سے کم نہیں ہوگی۔انہوں نے تمام زونل کمانڈرز کو ہدایت کی اگلے ہفتہ سے تمام زونل کمانڈرز اپنے اپنے زونز میں سپورٹس کا انعقاد کریں گے، جس میں کرکٹ ، والی بال، فٹ بال ٹورنامنٹ اور رسہ کشی کا انعقاد کیا جائے ، پوزیش لینے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

آغا محمد یوسف نے کہا کہ بلوچستان میں معاشی سر گرمیوں کو بہتر بنانے کیلئے ہمسایہ ملک چائنہ کے تعاون سے کافی پراجیکٹس فعال ہیں جس پر نہ صرف چائنیز بلکہ بڑی تعداد میں غیر ملکی تجربہ کار کام کر رہے ہیں جو کہ معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ، اینٹی سٹیٹ ایجنٹس ان معاشی سر گرمیوں کو نقصان پہنچانے کیلئے ہمہ وقت کار روائیاں کرنے کا منصوبہ بناتے رہتے ہیں، ان معاشی معاونین کی حفاظت کو یقینی بنانا بھی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ایڈیشنل IGP کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے تمام زونل کمانڈ رز کو سختی سے حکم دیا کہ آپ کے زونز میں جو BC کمپلیکس کے پروجیکٹ چل رہے ہیں ان کو بر وقت مکمل کرائیں۔آغا محمد یوسف نے SSP ہیڈ کوارٹر بدر لائن، زونل کمانڈ ر خضدار اور گوادر کو ہدایت کی کہ اپنے زیر کمان SPU ملازمان کی تفصیل دفتر بھجوائیں تا کہ ان ملا زمان کیلئے وردی و دیگر سرکاری سامان کی فراہمی کیلئے CPO کو لکھا جائے، تمام جوانوں کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے مانیٹر کیا جائےتا کہ جوانوں کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات