حریت رہنما الطاف حسین وانی کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت پرترک صدر اور اوآئی سی کا خیرمقدم

جمعہ 26 ستمبر 2025 13:24

جنیو ا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) حریت رہنما اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے نائب چیئرمین الطاف حسین وانی نے کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی حمایت اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کاشکریہ ادا کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق الطا ف وانی نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ترک صدر نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس سے خطاب میں کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہد کی مکمل حمایت کی جس سے کشمیری عوام کی عالمی سطح پر حوصلہ افزائی ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ رجب طیب ایردوان نے واضح کیاکہ جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل پر ہے اور بھارتی حکومت کی جنگجویانہ پالیسیوں اور توسیع پسندانہ عزائم کے باعث خطے کے امن واستحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔

(جاری ہے)

الطاف وانی نے او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کے اعادے کابھی خیرمقدم کیا ۔

انہوں نے او آئی سی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے بھارتی ریاستی تشددپر اظہار تشویش اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبے کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو مودی کی ہندوتوا حکومت کی طرف سے اپنی بقا کا خطرہ لاحق ہے ۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کےلئے اپنا سفارتی اور سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔