راولپنڈی ،پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب کا یونین کونسل نمبر 1 رتہ امرال کا دورہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 14:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے یونین کونسل نمبر 1 رتہ امرال کا دورہ کیا ،جہاں خواتین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست ان کے سامنے رکھے۔شازیہ رضوان نے علاقہ مکینوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، بجلی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی اور عوام کی سہولت کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر شہری کو صاف ماحول، پینے کے صاف پانی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی میسر آ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور ان منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔

دورے کے دوران خواتین اور بزرگ شہریوں نے شازیہ رضوان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جن پر انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عوامی شکایات کے حل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔اہلیانِ علاقہ نے شازیہ رضوان کی آمد اور مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے دورے سے علاقے کے لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ عوامی مسائل جلد حل ہوں گے۔\378