بھارت کی شکایت پر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نے جواب جمع کرادیا

دونوں کرکٹرز کا آئی سی سی میں جمع کرائے جواب میں بھارتی الزامات تسلیم کرنے سے انکار

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 26 ستمبر 2025 16:00

بھارت کی شکایت پر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نے جواب جمع کرادیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 ستمبر2025ء ) بھارت کی شکایت پر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نے جواب جمع کرادیا، دونوں کرکٹرز نے آئی سی سی میں جمع کرائے جواب میں بھارتی الزامات تسلیم کرنے سے انکار کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صاحبزادہ فرحان اور حارث رؤف کے خلاف شکایات پر سماعت مکمل ہوگئی، صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی کی سماعت کے دوران بے قصور ہونے کی استدعا کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا جشن منانے کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا، اپنے دفاع میں انہوں نے پچھلی مثالوں کی نشاندہی کی جہاں ایم ایس دھونی اور ویرات کوہلی جیسے کھلاڑی اپنی سیلیبریشن کے حصے کے طور پر میدان میں اسی طرح کے "بندوق کے انداز" کے اشاروں کا استعمال کرتے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چارسدہ سے تعلق رکھنے والے ایک پٹھان ہونے کے ناطے اس طرح کے تاثرات ان کی ثقافت میں گہری جڑیں رکھتے ہیں جہاں خالی گولیاں چلانا یا بندوق کی طرح کے اشارے کرنا شادیوں جیسے تہواروں کا ایک عام حصہ ہے، یہ عمل خالصتاً جشن منانے کا ایک ثقافتی طریقہ ہے اور اسے سیاسی بیان سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سماعت کے دوران میچ ریفری رچی رچرڈسن نے کہا کہ آپ نے 0-6 کا اشارہ کیا اور بھارتی بورڈ کو اس پر اعتراض ہے، جس پر حارث نے جواب دیا کہ بھارتی بورڈ خود واضح کرے کہ 0-6 کا مطلب کیا ہوسکتا ہے، رچرڈسن نے کہا کہ لگتا ہے آپ کا اشارہ کسی اور چیز کی طرف تھا، حارث نے کہا کہ آپ بتائیں یا وہ بتائیں کہ میں کس چیز کی طرف اشارہ کر رہا تھا، آپ مجھے 0-6 کا مطلب بتائیں جس پر ریفری خاموش رہ گئے، ریفری نے پوچھا کہ آپ نے یہ اشارہ بار بار کیوں کیا؟حارث کا کہنا تھا کہ یہ صرف شائقین کے لیے تھا، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔