لاہور کو سموگ فری بنانے کا عزم، دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون جاری

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) لاہور کو سموگ فری بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے دھواں چھوڑتی اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے۔حالیہ کارروائیوں کے دوران 16دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو بند کر دیا گیا، جبکہ 20گاڑیوں کو چالان کیا گیا اور مجموعی طور پر 2لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

انسدادِ سموگ مہم کے تحت انسپکشن ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور گاڑیوں کی فٹنس چیک کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو ہرگز سڑک پر نہ لایا جائے۔ ایسی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سموگ کے خلاف اس مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

شہری دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی شکایت فوری طور پر ہیلپ لائن 1071پر یا گرین پنجاب ایپ کے ذریعے درج کروائیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ لاہور کو سموگ فری بنانا صرف حکومت کا نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔