روہڑی کے شہریوں کوفلٹر پلانٹ سے 30 لاکھ گیلن پانی کی یومیہ فراہمی ہوگی،چیئرمین ضلع کونسل سکھر

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:10

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) چیئرمین ضلع کونسل سکھر کمیل حیدر شاہ نے روہڑی فلٹر پلانٹ کا دورہ کر کے کام کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان اور ایس ایس پی اظہر خان مغل کے ہمراہ روہڑی میں 64 کروڑ روپے کی لاگت سے زیرِ تعمیر 3 MGD واٹر فلٹر پلانٹ کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سید کمیل حیدر شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کی کاوشوں سے روہڑی کے عوام کے لیے تحفہ ہے، چیئرمین ضلع کونسل سکھر نے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ کا پہلا فلٹر پلانٹ ہے جو دریائے سندھ کے پانی کو جدید فلٹریشن ٹیکنالوجی سے صاف کر کے شہریوں کو معیاری اور پینے کے قابل پانی فراہم کرے گا، فلٹر پلانٹ سے 30 لاکھ گیلن پانی کی یومیہ روہڑی کے شہریوں کو فراہمی ہوگی۔

(جاری ہے)

سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ روہڑی میں پہلی بار شہریوں کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ایک جدید ترین منصوبہ ہے جو کہ مفت عوامی سہولت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ اگلے اڑھائی سے 3 تین ماہ میں یہ منصوبہ مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ روہڑی کے لیے 50 لاکھ گیلن روزانہ پانی فراہمی کی ضرورت ہے، جسے پورا کرنے کے لیے فلٹر پلانٹ کا دوسرا فیز بھی منظور ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ فلٹر پلانٹ کے دوسرے فیز کا کام بھی رواں سال شروع کر دیا جائے۔ چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ انشاء اللہ روہڑی کے بعد سکھر، صالح پٹ اور پنو عاقل میں بھی فلٹر پلانٹ کے منصوبے دیے جائیں گے۔ سکھر میں بھی فلٹر پلانٹ کا منصوبہ ایک سال کے اندر شروع ہو جائے گا۔ اس موقع پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایکس ای این و دیگر افسران اور ٹھیکیدار نسیم شاہ بھی موجود تھے ۔