سب سے چھوٹے تابوت سب سے بھاری ہوتے ہیں، وزیراعظم

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:15

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب سے چھوٹے تابوت سب سے بھاری ہوتے ہیں، میرا اور پوری امت مسلمہ کا بلکہ پوری انسانیت کا دکھ یہ ہے کہ ہم ہند رجب کو بچا نہیں سکے ، حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران سات سالہ ارتضیٰ عباس کا ننھا تابوت میں نے بھی اٹھایا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب نے ننھی ہند رجب کی لرزتی آواز سنی جو ملبے تلے دبی زندگی کی بھیک مانگ رہی تھی، کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ وہ آپ کی بیٹی ہو کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ اس پر رحم نہ کیا جائی میرا اور پوری امت مسلمہ کا بلکہ پوری انسانیت کا دکھ یہ ہے کہ ہم ہند رجب کو بچا نہیں سکے جس پر وہ ہمیں نہ صرف اس دنیا بلکہ اگلے جہاں میں بھی معاف نہیں کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ ’’سب سے چھوٹے تابوت سب سے بھاری ہوتے ہیں‘‘، میں جانتا ہوں کیونکہ حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران سات سالہ ارتضیٰ عباس کا ننھا تابوت میں نے بھی اٹھایا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ان بچوں کو ناکام نہیں ہونے دینا چاہیے۔