Live Updates

کیا فائنل سے پہلے آج دونوں کپتانوں کا ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن ہوگا؟

کپتان سلمان علی آغا آج رات سات بجے پاکستانی وقت کے مطابق پریس کانفرنس کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 ستمبر 2025 11:14

کیا فائنل سے پہلے آج دونوں کپتانوں کا ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن ہوگا؟
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 ستمبر 2025ء ) پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اتوار کو ایشیا کپ کا فائنل دبئی میں ہونے جارہا ہے، تاہم فائنل سے پہلے دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان تناؤ کے سبب اس بار فائنل سے پہلے دونوں کپتانوں کا ٹرافی کیساتھ روایتی فوٹو شوٹ نہیں ہورہا۔ 
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق منتظمین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آج یعنی ہفتے کو ایسا کچھ نہیں ہورہا، تاہم اتوار کو فائنل سے پہلے اس سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔

 
البتہ جہاں بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے دو مقابلوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا اور فائنل میں بھی ایسی ہی صورتحال دکھائی دے رہی ہے، وہاں اس بارے میں امکان کم ہے کہ ٹرافی کیساتھ دونوں کپتان تصاویر بنوائیں۔

(جاری ہے)

 

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا آج رات سات بجے پاکستانی وقت کے مطابق پریس کانفرنس کریں گے۔

 
 پاکستانی ٹیم پاکستانی وقت کے مطابق رات سات سے دس بجے دبئی میں واقع آئی سی سی اکیڈمی میں فائنل سے پہلے پریکٹس میں حصہ لے گی۔
یوں تو ایشیا کپ کی تاریخ تقریباً 41 سال پرانی ہے تاہم یہ ایک ناقابل یقین بات ہے کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں کبھی آمنے سامنے نہیں آئے۔ 
پہلی مرتبہ 1984ء میں کھیلے گئے ایشیا کپ سے 2023ء تک 16 مرتبہ کھیلے جانے والے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت نے آپس میں کئی میچز کھیلے تاہم دونوں ٹیمیں کبھی فائنل میں مدمقابل نہ آسکیں۔

 
یہ پہلا موقع ہے جب روایتی حریف فائنل میں ٹکرائیں گے۔ گروپ اور سپر فور مرحلے میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے تاہم کپتان سلمان آغا فائنل میں جیت کے لیے پر امید ہیں۔ 
شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کو کھیلتا دیکھیں گے۔ 
واضح رہے کہ بھارت سب سے زیادہ آٹھ مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے، سری لنکا نے چھ اور پاکستان نے دو بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات