Live Updates

ایشیا کپ: پاک بھارت فائنل، فردوس عاشق اعوان کے نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورے

ابھی سردیاں نہیں آئیں کہ انڈے کھاؤ، پہلی گیند پر آؤٹ ہونا تمہاری شان کے خلاف ہے اور ہماری بھی بےعزتی ہے ، سابق وفاقی وزیر کا صائم ایوب کو پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 28 ستمبر 2025 11:11

ایشیا کپ: پاک بھارت فائنل، فردوس عاشق اعوان کے نوجوان کھلاڑیوں کو مفید ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 ستمبر 2025ء ) ایشیا کپ کی تاریخ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔
گروپ اور سپر فور مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے باجود جہاں پاکستانی ٹیم کا مورال بلند ہے وہیں شائقین کرکٹ سمیت حکمران اور سیاست دان بھی ٹیم سے بڑی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ 
سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے بھی میچ سے قبل قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورے دے دیے۔

فردوس عاشق اعوان نے صائم ایوب کو مخاطب کرکے کہا کہ ابھی سردیاں نہیں آئیں کہ انڈے کھاؤ، اس سے باہر نکلو اور اپنا نیچرل گیم کھیلو، تمہارے اندر بہت پوٹینشنل ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ پہلی گیند پر آؤٹ ہونا تمہاری شان کے خلاف ہے اور ہماری بھی بےعزتی ہے۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے صاحبزادہ فرحان کو بھی پہلا اوور سنبھل کر کھیلنے کا مشورہ دیا۔

 
فردوس عاشق اعوان نے محمد حارث کو مخاطب کرکے کہا کہ ہر گیند چھکے لگانے والی نہیں ہوتی، گیند کو میرٹ پر کھیلو اور آخری اوور تک جاؤ۔ 
واضح رہے کہ ایشیا کپ کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز معرکہ آج پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان دبئی میں ہوگا۔
تاریخی میچ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے فلڈ لائٹس کی روشنی میں ہوگا جبکہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین اس ٹاکرے کے منتظر ہیں۔

پاکستان نے سیمی فائنل جیسے حیثیت رکھنے والے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ 
ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پاکستان اور بھارت کبھی فائنل میں ایک دوسرے کے سامنے نہیں آئے اور یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ٹیمیں اس میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ 
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج فائنل کے موقع پر کراچی کے مختلف مقامات پر بڑی اسکرین لگائی جائیں گی۔

 
دبئی میں کھیلے جانے والے متوقع سنسنی خیز مقابلے کو براہ راست دکھانے کے لیے پورٹ گراؤنڈ، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے علاوہ سندھ حکومت کے سپورٹس اینڈ یوتھ ڈیپارٹمنٹ کے تحت سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر میں شائقین کرکٹ کوبڑی سکرینز پر میچ دکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات