بھارتی حکومت لداخ خطے میں جابرانہ کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے، آغا سید حسن

ہفتہ 27 ستمبر 2025 12:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی الصفوی نے لداخ خطے کے علاقے لہہ میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے جابرانہ کارروائیوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آغا سید حسن نے بڈگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ لداخ کے عوام گزشتہ چھ برس سے اپنے جائز اور بنیادی آئینی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، جن میں ریاستی درجہ، بااختیار اسمبلی (مقننہ )اور چھٹے شیڈول میں شمولیت شامل ہیں، مگر بھارتی حکومت ان مطالبات کو مسلسل نظرانداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے لوگوں نے مطالبات پر زور دینے کیلئے بھوک ہڑتالیں بھی کیں لیکن بھوک ہڑتال پر بیٹھے لوگوں کو بھی گرفتار کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بے حسی اور تین برس کے بے نتیجہ مذاکرات کے بعد لوگ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہوئے۔ آغا سید حسن نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ جابرانہ کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند اور لوگوں کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے ان کے آئینی و سیاسی حقوق بحال کرے۔