Live Updates

ایشیا کپ: پاکستان کیخلاف فائنل میں ابھیشیک شرما اور پانڈیا کی شرکت مشکوک

بھارتی بولنگ کوچ نے پانڈیا اور ابھیشیک شرما کی فٹنس پر شدید خدشات کا اظہار کیا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 ستمبر 2025 14:09

ایشیا کپ: پاکستان کیخلاف فائنل میں ابھیشیک شرما اور پانڈیا کی شرکت ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 ستمبر 2025ء ) ایشیا کپ 2025ء میں پاک بھارت فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑے دھچکے کا خدشہ ہے۔ 
بھارتی باؤلنگ کوچ نے پانڈیا اور ابھیشیک شرما کی فٹنس پرخدشات ظاہرکردیئے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف پہلا اوورکرنے کے بعد پانڈیا ہیمسٹرنگ کا شکار ہو کر باہر چلے گئے تھے، ہاردک پانڈیا بقیہ اننگز میں میدان میں واپس نہیں آئے۔

 
باؤلنگ کوچ کا کہنا ہے کہ آج رات اور کل صبح پانڈیا اور ابھیشیک کی انجری کا جائزہ لیا جائے گا، ابھیشیک شرما نے بھی سری لنکا کی اننگز کا پورا دوسرا ہاف میدان سے باہر گزارا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔

(جاری ہے)

 
یوں تو ایشیا کپ کی تاریخ تقریباً 41 سال پرانی ہے تاہم یہ ایک ناقابل یقین بات ہے کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں کبھی آمنے سامنے نہیں آئے۔ 
پہلی مرتبہ 1984 میں کھیلے گئے ایشیا کپ سے 2023 تک 16 مرتبہ کھیلے جانے والے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت نے آپس میں کئی میچز کھیلے تاہم دونوں ٹیمیں کبھی فائنل میں مدمقابل نہ آسکیں۔

 
یہ پہلا موقع ہے جب روایتی حریف فائنل میں ٹکرائیں گے۔ گروپ اور سپر فور مرحلے میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے تاہم کپتان سلمان آغا فائنل میں جیت کے لیے پر امید ہیں۔ 
شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کو کھیلتا دیکھیں گے۔ 
واضح رہے کہ بھارت سب سے زیادہ آٹھ مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے، سری لنکا نے چھ اور پاکستان نے دو بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات