غزہ میں جنگی اقدامات کی انتہائی شدت اسرائیل کو دوستوں سے محروم کر رہی ہے،یونان

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:19

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)یورپی یونین کے رکن اور اسرائیل کے اہم اتحادی ملک یونان کے وزیر اعظم نے اسرائیلی ریاست کو خبردار کیا ہے کہ غزہ میں مسلسل تباہ کن جنگ کی وجہ سے سے وہ اپنے دوستوں کو کھو رہی ہے۔یونانی وزیر اعظم نے اسرائیل کو اس امر کا انتباہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے یونانی وزیر اعظم مٹسو ٹاکس نے کہا اسرائیل کو سات اکتوبر کے حملے کے جواب میں اپنے دفاع کا حق تھا لیکن دفاع کے اس حق کو ہزاروں بچوں کو قتل کرنے کا جواز نہیں بنا سکتا ۔

انہوں نے کہا بلا شبہ ہماری اسرائیل کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری ہے مگر یہ شراکت داری ہمیں اس معاملے میں کھل کر بولنے سے نہیں روک سکتی۔یونانی لیڈر نے کہا اس غزہ جنگ کا تسلسل بالآخر اسرائیل کے اپنے ہی مفادات کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے گا اور اسرائیل کی بین الاقوامی حمایت ختم ہو جائے گی۔اس لیے ہم اپنے اسرائیلی دوستوں سے کہتے ہیں اگر اسرائیل دو ریاستی حل کو رد کرنے کے راستے پر رہے تو وہ اپنے باقی تمام اتحادیوں کو کھو دینے کا خطرہ مول لیگا۔