پاک - چین ٹی وی ای ٹی تعاون نئے مرحلے میں داخل، بیجنگ میں اعلیٰ سطحی سیمینار

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:24

پاک - چین ٹی وی ای ٹی تعاون نئے مرحلے میں داخل، بیجنگ میں اعلیٰ سطحی ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) چین-پاکستان ٹی وی ای ٹی-انڈسٹریل سینٹر آف ایکسیلنس (سی پی ٹی آئی سی ای ) کے زیر اہتمام بیجنگ میں پاکستان-چین انٹرنیشنل ٹی وی ای ٹی-انڈسٹریل کوآپریشن اینڈ ایکسچینج سیمینار منعقد ہوا۔سیمینار میں پاکستان کے اعلیٰ حکام اور چین کے 9 صوبوں و خود مختار خطوں سے تعلق رکھنے والے 11 پیشہ ورانہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر فنی و پیشہ ورانہ تعلیم( ٹی وی ای ٹی) میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر کو سی پی ٹی آئی سی ای کے انڈسٹری لِنکیج کے لئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کی ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ٹی وی ای ٹی تعاون کی سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے دوران شروع کئے گئے 12 منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور الیکٹرک گاڑیوں، زراعت اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں عمل درآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سیمینار کے دوران سی پی ٹی آئی سی ای اور چین کے ممتاز اداروں کے درمیان پانی کے وسائل، بجلی، جدید مینوفیکچرنگ اور شہری تعمیرات کے شعبوں میں 5 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

یہ معاہدےوفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر کی موجودگی میں ہوئے۔اس موقع پر وزیر مملکت کی زیر صدارت چین کے 11 اداروں کو ’’پاک-چین انٹرنیشنل انڈسٹریل-اکیڈمک انٹیگریشن الائنس‘‘ کی رکنیت کےاسناد (plaques)بھی پیش کی گئیں جبکہ دوا سازی، ڈیجیٹل کنسٹرکشن، آٹوموٹو اور زرعی انجینئرنگ سمیت سٹرٹیجک شعبوں میں مہارت رکھنے والے 8 چینی ماہرین کو تقرری نامے بھی دیے گئےجو سی پی ٹی آئی سی ای فریم ورک کے تحت ایک بنیادی وسائل کے گروپ کا حصہ ہوں گے۔

سیمینار میں پاکستان کے لئے ایک خصوصی ’’ٹیچر ٹریننگ پلیٹ فارم‘‘ کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا، جس کے ذریعے چین کا جدید فنی و پیشہ ورانہ تجربہ پاکستانی انسٹرکٹرز کی نصاب سازی، تدریسی طریقہ کار اور ہنر نکھارنے میں مدد فراہم کرے گا۔اس سیمینار نے سی پی ٹی آئی سی ای کے تحت دونوں ممالک کے فنی و پیشہ ورانہ تعاون کے عزم کو مزید مضبوط کیا ، جو پاکستان کو ہنر مند افرادی قوت کا مرکز بنانے اور پاکستان-چین کے قریبی اشتراکِ عمل اور مشترکہ مستقبلسٹرٹیجک کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا۔