ڈنمارک کے بڑے فوجی اڈے پر نامعلوم ڈرونز کی پروازیں، کئی ہوائی اڈے بند

پراسرار ڈرون مشاہدات کے باعث پورے اسکینڈے نیوین ملک میں کئی ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں. رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:43

ڈنمارک کے بڑے فوجی اڈے پر نامعلوم ڈرونز کی پروازیں، کئی ہوائی اڈے بند
کوپن ہیگن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 ستمبر ۔2025 ) ڈنمارک کے سب سے بڑے فوجی اڈے کے اوپر رات کے وقت نامعلوم ڈرونز دیکھے گئے، یہ واقعات ان مشاہدات کی تازہ ترین کڑی ہے، جنہیں ڈنمارک کے حکام ہائبرڈ حملہ قرار دے چکے ہیں فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مطابق ان پراسرار ڈرون مشاہدات کے باعث پورے اسکینڈے نیوین ملک میں کئی ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں، یہ سلسلہ پیر سے جاری ہے جب پہلی بار ڈرون نظر آئے تھے.

ڈیوٹی آفیسر سائمن اسکیلسیئر نے بتایا کہ میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ ہمارے پاس گزشتہ شام 8:15پاکستانی وقت رات 11:15کے قریب ایک واقعہ پیش آیا تھا جو کچھ گھنٹوں تک جاری رہا، ایک سے 2 ڈرون اڈے کے باہر اور اوپر دیکھے گئے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس یہ نہیں بتا سکتی کہ ڈرون کہاں سے آئے تھے، اور ہم نے انہیں گرایا نہیں، پولیس تفتیش میں فوج کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اسکیلسیئر نے کہا کہ کاروپ فوجی اڈہ اپنی رن ویز مڈجائلینڈ کے سول ایئرپورٹ کے ساتھ استعمال کرتا ہے، جو عارضی طور پر بند کیا گیا، تاہم کوئی پرواز متاثر نہیں ہوئی کیوں کہ اس وقت کوئی تجارتی پرواز طے نہیں تھی.

ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈریکسن نے جمعرات کو کہا تھا کہ گزشتہ دنوں میں ڈنمارک ہائبرڈ حملوں کا شکار رہا ہے، جو غیر روایتی جنگ کو ظاہر کرتا ہے دوسری جانب سی این این کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بغیر کوئی گولی چلائے، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پچھلے ہفتے کے دوران یوکرین کی جنگ کو ان لاکھوں یورپی باشندوں تک پہنچا دیا، جو اب تک اس تنازع سے بڑی حد تک محفوظ تھے اور یہ سب دھماکے سے نہیں بلکہ ایک دبے انداز میں شروع ہوا جیسا کہ ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈریکسن نے جمعرات کی رات فکرمند ڈنمارک کے عوام کو بتایا تھا کہ ڈرونز کے باعث کئی ہوائی اڈوں پر شدید رکاوٹ کے بعد، یورپ کو اب مزید پرتشدد اور بار بار ہونے والے ہائبرڈ حملوں کو ایک نئی حقیقت کے طور پر دیکھنا چاہیے، لیکن انہوں نے براہِ راست روس کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا تھا.

انہوں نے ایسا شاید اس لیے بھی کیا کہ ابھی تک شواہد ناکافی ہیں، یا اس لیے کہ الزام تراشی ماسکو کے مقاصد کو مزید تقویت دے سکتی ہے یہ غیر یقینی صورتِ حال ان حملوں کی ایک علامت ہے، کچھ وقت تک نامعلوم حملہ آور کو شناخت کیا جا سکتا ہے نہ ہی روکا جا سکتا ہے، چاہے وہ کتنا ہی نقصان یا ہلکی سی رکاوٹ کیوں نہ پیدا کریں، اور انتظار یا غیر یقینی صورتحال ایک اور پہلو ہے فریڈریکسن نے نامعلوم حملہ آور کی ایک اور وجہ بھی بتائی کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہم اپنی حکومتوں پر اعتماد نہ کریں یہی کہانی پورے یورپ میں دہرائی جا رہی ہے.