وزیراعظم کے کوآرڈینیٹربرائے تجارت احسان افضل خان کی ڈھاکا میں تجارتی اداروں سے اہم ملاقاتیں

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:19

ڈھاکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت احسان افضل خان نے بنگلہ دیش کے تجارتی اداروں سے متعدد اہم ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خاص توجہ دی گئی۔ احسان افضل خان نے ڈھاکا اور راولپنڈی چیمبرز کے مشترکہ نیٹ ورکنگ سیشن میں شرکت کی جہاں فارماسیوٹیکل، آٹوموٹو اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور تجارتی وفود کے تبادلے کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان اتفاق رائے قائم ہوا۔ علاوہ ازیں، احسان افضل خان نے نیشنل بینک آف پاکستان کے ڈھاکا آفس کا دورہ کیا اور کاروباری سہولیات پر تفصیلی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسیپٹا فارماسیوٹیکلز کے دھامرائی پلانٹ کا بھی دورہ کیا جہاں دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

پاکستانی مصنوعات کو اجاگر کرنے کے لیے منعقدہ میڈ اِن پاکستان نمائش میں شرکت کے دوران پاکستانی مصنوعات کی خوب تعریف کی گئی۔ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عشائیے میں بڑے تجارتی نمائندوں سے ملاقات کے موقع پر بنگلہ دیشی حکومت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا گیا اور کراچی میں آئندہ ہونے والی نمائش میں شرکت کی دعوت دی گئی۔وزارت تجارت کے عہدیداروں نے اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔