باجوڑ میں بارودی مواد پھٹنے سے دھماکہ، 3 بچے شہید 5 زخمی

یہ واقعہ باجوڑ اس وقت پیش آیا جب مقامی بچے دہشت گروں کے چھوڑے ہوئے بارودی مواد سے کھیل رہے تھے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 ستمبر 2025 13:16

باجوڑ میں بارودی مواد پھٹنے سے دھماکہ، 3 بچے شہید 5 زخمی
باجوڑ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ باجوڑ میں بارودی مواد پھٹنے سے ہونے والے دھماکے میں 3 بچے شہید اور 5 زخمی ہوگئے ۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں اس وقت پیش آیا جب مقامی بچے دہشت گروں کے چھوڑے ہوئے بارودی مواد سے کھیل رہے تھے کہ اس دوران وہ اچانک پھٹ گیا، واقعے کے فوری بعد پاک فوج نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جہاں ان کا علاج سی ایم ایچ پشاور میں ماہر فوجی ڈاکٹروں کی زیر نگرانی جاری ہے ، مقامی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا محاصرہ کیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنۂ الخوارج ماضی میں بھی مساجد، گھروں اور شہری آبادیوں کو ڈھال بنا کر ایسی دہشت گردانہ کارروائیاں کرتا رہا ہے، یہ سانحہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فتنۂ الخوارج نے علاقے میں کس طرح خطرناک بارودی جال بچھا رکھا ہے، مقامی آبادی کے تعاون سے باجوڑ اور ملحقہ علاقوں کو ان خطرناک عناصر اور ان کے بارودی جالوں سے مکمل پاک کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں آپریشن کے دوران 17 خوارج ہلاک کیے تھے، سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا اور بھارتی اسپانسرڈ 17 خوارج کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا اس دوران ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔