ناران میں نکاح نامے کے بغیر داخلے پر پابندی کی خبر جھوٹی نکلی

وائرل فوٹو کسی اور ملک کی ہے، فیک تصویر اور غلط پراپیگنڈہ کی تحقیقات جاری ہیں؛ ڈی پی او مانسہرہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 ستمبر 2025 16:05

ناران میں نکاح نامے کے بغیر داخلے پر پابندی کی خبر جھوٹی نکلی
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے معروف سیاحتی مقام ناران میں نکاح نامے کے بغیر داخلے پر پابندی کی خبر جھوٹی نکلی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او مانسہرہ کے مطابق نکاح نامے کے بغیر ناران میں داخلے پر پابندی کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، سوشل میڈیا پر سیاحوں کو نکاح نامے ساتھ لانے کی وائرل فوٹو کسی اور ملک کی ہے، فیک تصویر اور غلط پروپیگنڈا کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس تمام ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو سیاحتی مقامات پر خوش آمدید کہتی ہے، سیاحوں کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات ہیں۔

خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ میں واقع ناران ایک انتہائی خوبصورت وادی ہے، جس کو سیاحوں کے لیے جنت نظیر بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ یہ وادی اپنی قدرتی خوبصورتی، برف پوش پہاڑوں، جھیلوں اور سرسبز مناظر کی وجہ سے مشہور ہے، ناران کا موسم گرمیوں کے سیزن میں بہت خوشگوار ہوتا ہے، جس کی وجہ سے ہر سال ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔