شانگلہ،12سالہ شادی شدہ بچی نے زہر کھاکر زندگی کا خاتمہ کرلیا

متوفیہ کی شادی 6 ماہ قبل اپنے 10سالہ کزن انعام اللہ سے ہوئی تھی نابالغ بچوں کا نکاح پڑھانے والے مولوی کیخلاف ایف آئی آر درج کی جائیگی،ایس ایچ او

اتوار 28 ستمبر 2025 20:50

شانگلہ،12سالہ شادی شدہ بچی نے زہر کھاکر زندگی کا خاتمہ کرلیا
شانگلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے دمرائی میں 12سالہ شادی شدہ بچی سلیمہ بیب نے زہر کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا، متوفیہ کی شادی 6 ماہ قبل اپنے 10سالہ کزن انعام اللہ سے ہوئی تھی۔اولندر تھانے کے ایس ایچ او علی حسین نے بتایا کہ یہ واقعہ دمرائی میں اولندر تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں 12سالہ شادی شدہ بچی نے مبینہ طور پر زہریلا مادہ کھایا جس سے اس کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ اپنی جان گنوا بیٹھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی لیکن متوفیہ کی والدہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس کے حوالے کرنے پر راضی نہیں تھیں، تاہم پولیس نے لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال الپوری منتقل کرواکر پوسٹ مارٹم کرایا۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او علی حسین نے کہاکہ موت کی اصل وجہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہو سکے گی کہ آیا یہ خودکشی تھی یا بچی کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ یہ بات تصدیق شدہ ہے کہ دونوں میاں بیوی نابالغ تھے، متوفیہ سلیمہ بیب کی عمر 12 سال اور اس کے شوہر انعام اللہ کی عمر صرف 10 سال تھی۔انہوںنے کہاکہ یہ شادی غیر قانونی تھی اور بچی کی موت بھی مشکوک ہے۔ تاہم موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے دفعہ 176 ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کے تحت تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ایس ایچ او نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سے مشاورت کے بعد نابالغ بچوں کا نکاح پڑھانے والے مولوی (نکاح رجسٹرار)اور نکاح کے موقع پر موجود تمام افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بچی اور لڑکے کے والدین کو بھی گرفتار کیا جائے گا اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔