یمن: اسرائیل اور حوثیوں میں بڑھی کشیدگی پر گوتیرش کو تشویش

یو این اتوار 28 ستمبر 2025 17:15

یمن: اسرائیل اور حوثیوں میں بڑھی کشیدگی پر گوتیرش کو تشویش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 28 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے اسرائیل اور یمن کے حوثیوں میں جاری عسکری کشیدگی کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں کو بین الاقوامی قانون کے مطابق تحفظ دینے پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ ہر طرح کے حالات میں عام شہریوں کا احترام کرنے اور انہیں جنگی کارروائیوں سے محفوظ رکھنے کی ذمہ داری کو پورا کریں۔

انہوں نے اس تنازع سے خطے بھر کو لاحق خطرات پر بھی گہری تشویش ظاہر کی ہے اور تمام فریقین سے کہا ہے کہ وہ ہرممکن تحمل سے کام لیں۔

24 ستمبر کو حوثیوں نے اسرائیل کے علاقے ایلات پر ڈرون حملہ کیا جس میں، اطلاعات کے مطابق 20 افراد زخمی ہوئے۔ 25 ستمبر کو اسرائیل نے یمن کے شہر صنعا پر جوابی حملہ کیا جس میں بچوں سمیت نو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ 150 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔