سرسید یونیورسٹی اور آئی کوڈ گرو کے مابین جدید تعلیم و تربیت کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اتوار 28 ستمبر 2025 16:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور آئی کوڈ گرو کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد پاکستان میں تعلیمی معیار کو بلند کرنا، مہارتوں کی ترقی کو فروغ دینا، اور نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کے لیے عالمی سطح پر کامیابی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس معاہدے کے تحت سرسید یونیورسٹی کے ہونہار طلبا کو بین الاقوامی اسکالرشپس اور جدید تعلیمی پروگراموں تک رسائی حاصل ہوگی اور پاکستان میں سرسید یونیورسٹی کے باصلاحیت طلبا کو اعلی تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کیے جا ئیں گے۔مزید برآں، آئی کوڈ گروکے تعاون سے سرسید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور صنعت کے جدید رجحانات پر مبنی تربیتی سیشن، ورکشاپس اور خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جو طلبا اور پیشہ ور افراد کو عملی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

سرسید یونیورسٹی کے قائم مقام رجسٹرار جناب عامر حسین اور آئی کوڈ گروزکے نمائندے جناب محمد فیضان انیس نے مذکورہ یادداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر آئی کوڈ گروز کی جانب سے محترمہ انجلی اور سرسیدیونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر سرفراز احمد ستار بطور گواہ موجود تھے۔