ڈپٹی کمشنرسرگودہا سے انٹرنیشنل یوتھ باکسنگ میں سلورمیڈل جیتنے،یوتھ ایشین گیمزمیں شرکت کرنے والےکھلاڑیوں کی ملاقات

پیر 29 ستمبر 2025 16:31

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم سے حال ہی میں چین میں ہونے والے انٹرنیشنل یوتھ باکسنگ مقابلوں میں 48 کیٹگری میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سلور میڈل جیتنے والی سرگودہا کی باکسر عائشہ ممتاز اور بحرین میں ہونے والی یوتھ ایشین گیمز میں شرکت کے لئے روانہ ہونے والے باکسر حذیفہ نے ملاقات کی۔

ڈپٹی کمشنر نے شاندار کارکردگی پر عائشہ ممتاز کو شاباش دی اور ایک لاکھ روپے کا چیک دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے باکسر حذیفہ کو نیک خواہشات کے ساتھ ایک لاکھ 75 ہزار روپے کے سفری اخراجات کا چیک دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عائشہ ممتاز نے اپنی محنت اور صلاحیت سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں بلند کیا ہے۔ سرگودھا کو اپنی اس بیٹی پر فخر ہے اور یہ ہماری نئی نسل کے لئے ایک شاندار مثال ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی ملک و قوم کا اصل سرمایہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ضلعی انتظامیہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ باکسر حذیفہ بھی بھرپور کارکردگی دکھا کر پاکستان اور سرگودہا کا نام بلند کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ ایسے نوجوانوں کی سرپرستی جاری رکھے گی اور کامیابی کی صورت میں مزید انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سرگودھا صائمہ منظور سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔