نوجوانوں کو نئی ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ہوگا ،وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی

پیر 29 ستمبر 2025 16:41

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں معرکہ حق تقریبات یوم دفاع کے سلسلے میں ’’آزادی کا جشن اور قربانی کا اعزاز‘‘کے عنوان سے تقریب یونیورسٹی کے ڈاکٹر اے ایم شیخ آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئی۔انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کی میزبانی سے منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر مختیار میمن، ڈاکٹر محمد پنجل بٹ، ڈاکٹر منیزہ، ڈاکٹر کویتا، ڈاکٹر سہنی عباسی، ڈاکٹر محمد عارف مگسی،اساتذہ، طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور کے دوران جنگیں ٹینکوں اور بارود سے نہیں بلکہ سیٹلائٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے لڑی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہماری پاک افواج اور نوجوانوں نے اس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان سے کئی گنا بڑے اور زیادہ دفاعی بجٹ رکھنے والے بھارت کو شکست سے دوچار کیا۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ طلبہ کو نئی جدت اور ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کی ترقی، کامیابی اور دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہ سکیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر ڈاکٹر میر سجاد تالپور نے کہا کہ طلبہ کا جوش و جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا مستقبل روشن ہے۔ آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرکے ہی نوجوان دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ محنت اور تحقیق کے ذریعے خود کو اس قابل بنائیں کہ ملکی دفاع اور معیشت میں عملی کردار ادا کرسکیں۔اس موقع پر طلبہ نے نعت، قومی نغمے، تقاریر میں بھرپور حصہ لیا اور تقریبات کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کے آخر میں تمام تقریبات میں حصہ لینے والے طلبہ کو وائس چانسلر نے ٹرافیاں، شیلڈ اور میڈل سے نوازا۔