پمز میں 200 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی سینٹر ، 200 بستروں پر مشتمل کینسر ہسپتال کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں داخل

پیر 29 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں 200 بستروں پر مشتمل حادثات اور ایمرجنسی سینٹر کا قیام جبکہ 200 بستروں پر مشتمل کینسر ہسپتال کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں ہے۔وزارت قومی صحت کے حکام کے مطابق وفاقی حکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے ۔

200 بستروں پر مشتمل کینسر ہسپتال کی تکمیل سے کینسر کے مریضوں کو خصوصی علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسٹروک مداخلت کی سہولت کا قیام اور کارڈیک کی طبی سہولیات میں توسیع کا عمل جاری ہے۔انہو ں نے بتایا کہ فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک کے تحت جی -11/3 اسلام آباد کے قیام کا منصوبہ زیر تعمیر ہے جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے صحت کے نظام میں بہتری لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں 7 ماڈیولر آ پریشن تھیٹر قائم کئے گئے جبکہ پمز میں مریضوں کے لیے ہیلپ لائن نمبر اور ڈی ایچ او میں ْپوچھوٗ ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نگہداشت صحت کے تمام مراکز میں صفائی ستھرائی کی خدمات کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ایک مریض ایک آئی ڈی کا نظام شروع کیا گیا ہے ۔