Live Updates

یو ایس اے کرکٹ بحران کا شکار، آئی سی سی نے بورڈ کو معطل کر دیا، ڈائریکٹر عہدے سے برطرف

منگل 30 ستمبر 2025 09:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) امریکا میں کرکٹ کا نظم و نسق شدید بحران کا شکار ہو گیا ہے۔ یو ایس اے کرکٹ (یو ایس اے سی )کے بورڈ میں اختلافات اور بدانتظامی کھل کر سامنے آنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے بورڈ کو معطل کر دیا ہے ۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بورڈ کے ڈائریکٹر انج بالوسُو کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

بورڈ میں اختلافات اور بدانتظامی کے باعث 6 مختلف کرکٹ لیگوں نے بھی برطرفی کا مطالبہ کیاہے۔امریکہ کی 6بڑی کرکٹ لیگوں نے بورڈ کے ڈائریکٹرانج بالوسُو کو ہٹانے کی باقاعدہ درخواست دی تھی، جن میں کیلیفورنیا، ڈیلاس، واشنگٹن، اوریگن اور نیو جرسی کی لیگیں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انج بالوسُو کی قیادت میں بورڈ نے کرکٹ کو نقصان پہنچایا اور اصلاحات کی راہ میں رکاوٹ ڈالی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بورڈ کے چیئرمین وینو پِسِکے نے یو ایس اے کرکٹ کو دیوالیہ قرار دینے کے لیے 30 ستمبر کو خصوصی اجلاس بلایا ہے۔ اگر تنظیم نے دیوالیہ پن اختیار کیا تویو ایس اے کرکٹ مکمل طور پر ختم ہو سکتی ہے اور کھلاڑیوں کے سالانہ کنٹریکٹس منسوخ ہو سکتے ہیں،کئی کھلاڑیوں کے پاس 60,000 ڈالر کے سالانہ کنٹریکٹس ہیں، جو دیوالیہ پن کی صورت میں فوری طور پر ختم ہو سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ آنے والے U19 ورلڈ کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ 2025 کی تیاریاں بری طرح متاثر ہوں گی۔ بورڈ کے ڈائریکٹر انج بالوسُو کی برطرفی سے بورڈ میں چیئرمین کے حمایتی اور مخالف اراکین کی تعداد برابر ہو گئی ہے، جس سے اہم فیصلوں میں رکاوٹ آنے کا خدشہ ہے، خاص طور پر دیوالیہ پن سے متعلق ووٹنگ میں۔کرکٹ برادری نے اجتماعی استعفیٰ اور اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی کرکٹ حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ پورا بورڈ مستعفی ہو، تاکہ آزادانہ اصلاحات ممکن ہوں تاکہ آئی سی سی کا اعتماد بحال ہو سکے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور امریکی اولمپک کمیٹی (یو ایس اوپی سی )بھی کئی بار یہی مطالبہ دہرا چکے ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات