Live Updates

رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سالانہ اجلاس عام‘حسابات کی آڈٹ رپورٹ پیش

منگل 30 ستمبر 2025 21:29

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سالانہ اجلاس عام2025 ء گزشتہ روز چیمبر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن و حمد ثناء سے ہوا۔ زیر غور آنے والے ایجنڈوں میں گزشتہ اجلاس عام کی کارروائی کی ہاؤس نے منظوری دی۔ سیکرٹری جنرل نے مالی سال2024-25 کے حسابات کی آڈٹ رپورٹ پیش کی جس کے مطابق اس سال چیمبر1786640 سرپلس ہے۔

مالی سال2025-26کے لیے خدمات کے پیش نظر ایگزیکٹو کمیٹی اور ممبران جنرل باڈی نے راؤ اینڈ کوکی تقرری کی منظوری دے دی۔ میمورنڈم و آرٹیکل آف ایسوسی ایشن کو ڈی جی ٹی او کی ہدایات کے مطابق ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ اور رولز کے تحت اپ ڈیٹ کروانے کی منظوری متفقہ طور پر تمام ممبران نے دے دی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر رحیم یار خان چیمبر ولید احمد نے اپنے دور کی کامیابیوں کے حوالے سے ممبران کو آگاہ کیا کہ2013ء سے سوشل سیکورٹی ہسپتال کا قیام التواء کا شکارتھا انھوں نے صوبائی وزیر شوشل سیکورٹی فیصل کھوکھر اور کمشنر پنجاب سوشل سیکورٹی محمد علی سے ملاقات کر کے فنڈز جاری کروائے اور مزید2 ایکٹر اراضی بھی ہسپتال کے لیے منظور کروا لی۔

اب اس پر جلد ہی ہسپتال اور جدید امریجنسی عملی شکل میں معرض وجود میں آجائے گا۔ اس کے علاوہ ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے ہم نے چیمبر سیکرٹریٹ میں سہولت سنٹر کا بھی افتتاح کیا جس میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ہیلپ ڈیسک کا م کر رہے ہیں جن میں نادرا، نادرا ای سہولت،پولیس خدمت سنٹر، پنجاب جاب سنٹر شامل ہیں۔ یہاں پر ممبران اور ان کی فیملیز سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

اس کے علاوہ ہم نے چیمبر کے لیے تین کنال دو مرلہ زمین14200000 روپے سے خرید کی جس پر ہم آنے والے وقت میں ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ سنٹر اور سوفٹر وئیر ہاؤس بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ہمارے آنے والے پراجیکٹس میں پاسپورٹ ہیلپ ڈیسک، ایف بی آر،ایس ای سی پی،بزنس فیسیلیٹیشن ہیلپ ڈیسک کے بھی پراجیکٹس جلد ہی ایک چھت تلے میسر ہوں گے۔اس کے علاوہ ہم نے وفاقی وزیر چودھری شافع حسین اور پارلیمانی سیکرٹر ی برائے دفاع اور ممبر قومی اسمبلی زیب جعفر، وفاقی وزیر اور پی آئی کے سربراہان سے بھی اس ضمن میں ملاقاتیں کی ہیں اور جلد ہی شیخ زاید انٹرنیشل ایئر پورٹ سے دوبارہ فلائٹس کا آغاز ہو جائے گا۔

اس سال ہم نے اجلاس عام سادگی سے منایا کیوں کہ تمام دوستوں کی مشاورت سے ہم نے تمام کھانا سیلاب زدگان میں تقسیم کیا اور اس کار خیر میں سب سے ذیادہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران عبدالطیف بھٹی اور طارق محمود پیش پیش رہے۔ میری اور میری پوری ٹیم کی بھر پور کوشش رہی ہے کہ تمام ممبران کی فلاح وبہبود کے لیے کام کریں۔ حافظ عبدالرزاق فاؤنڈر ممبر و سابق ایگزیکٹو ممبر نے کہا کہ یہ چیمبر ہم سب کا چیمبر ہے ہمیں مل کر اسکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

چیمبر ایک پر وقار ادارہ ہے ہمیں کسی بھی صورت کوئی منفی کام نہیں کرنا جس سے ہمارے چیمبر کا وقار متاثر ہو۔حاجی محمد ابراہیم فاؤنڈر ممبر و چئیرمین فاؤنڈرگروپ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر رحیم یار خان چیمبر ولید احمد نے اپنے دور اقتدار میں احسن اقدامات کیے ہیں جس سے بزنس کمیونٹی مستفید ہو رہی ہے۔اس چیمبر کے لیے تمام لوگوں کی خدمات رہی ہیں چاہے وہ چوہدری محمد شفیق ہوں،عبدالرؤف مختار ہوں یا میں خود ہوں۔

ہم نے ہمیشہ چیمبر کی فلاح کے لیے کام کیا ہے اور آئندہ بھی چیمبر کی فلاح کے لیے کام کرتے رہیں گے۔یہ چیمبر ہم سب ممبران کا ہے ہم سب ممبران نے ہی اس کو لے کر چلنا ہے۔ میری تمام ممبران سے گزارش ہے کہ چیمبر کی تعمیر و ترقی میں اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں۔سابق صدر خواجہ بشیر احمد نے کہا کہ صدر رحیم یار خان چیمبر ولید احمد کی کاوشوں سے بزنس سہولت سنٹر کا قیام عمل میں آیا جس سے چیمبر کے ممبران اور ان کی فیملیز مستفید ہو رہے ہیں۔

میں نے بطور صدر شیخ زاید انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فلائٹس آپریشن بحال کروایں اور اب صدر ولید احمد بھی ایئر پورٹ کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں اور جلد کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ صدر ولید احمد کی کاوشوں کی بدولت غریب اور یتیم بچوں کے لیے ایجوکیشن فنڈ جو کہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے چودھری محمد شفیق سابق ایم پی اے نے اکھٹا کیا تھا وہ بھی جلد مستحق بچوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔

سابق صدر اقبال حفیظ نے اجلاس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری برادری کی نمائندگی کرتا ہے۔مقامی مسائل کے حل اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنی خدمات پہلے سے بہتر انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے چیمبر میں ہیلپ ڈسک کا قیام خوش آئند ہے جس سے ہمارے ضلع بھر کے چیمبر کے ممبران مستفید ہو رہے ہیں۔

حاجی مقبول احمد بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام سہولیات کے مد نظر میں نے صدر ولید احمد سے درخواست کی تھی کہ ان تمام سہولیات کو خان پور اور صادق آباد میں بھی مہیا کروایا جائے تاکہ باقی تحصیلوں کے ممبران بھی مستفید ہو سکیں۔ سابق سینئر نائب صدر چودھری محمد شوکت حیات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو بھا ئی چارے کے ساتھ پیش آنا چاہیے اختلافات ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن اصل کام یہ ہے ہم چیمبر کی فلا ح کے لیے کیا کر رہے ہیں اگر ہم سب مل کر سوچیں تو چیمبر کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار کو بھی بڑھا سکتے ہیں۔

سالانہ اجلاس میں گروپ لیڈرحیم یار خان چیمبر و ریجنل چیئرمین فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالرؤف مختار چیئرمین فرینڈز بزنس فورم و سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر رحیم یار خان چیمبر میاں محمد عامر شہباز،سابق ایم پی اے عشر و زکواة چودھری محمد شفیق،چئیر مین فاؤنڈر گروپ حاجی محمد ابراہیم، سابق صدور چودھری محمد شفیق،شیخ عماد الدین،جاوید ارشاد،خواجہ بشیر احمد،میاں امتیاز احمد،سابق سنیئر نائب صدور شوکت حیات،محمد اشرف،سابق نائب صدور خواجہ عاطف بشیر،میاں سعد حسن، صفدر حسین دیگر ممبران چیمبر آف کامرس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات