یونیورسٹی آف سرگودھا میں کنفیوشس اورانسٹیٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز کے اشتراک سے کنفیوشس ڈے کا انعقاد

منگل 30 ستمبر 2025 20:59

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں کنفیوشس اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز کے اشتراک سے کنفیوشس ڈے منایا گیا۔ اس موقع پر عظیم چینی مفکر، معلم اور ثقافتی رہنما کنفیوشس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو اجاگر کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چینی قونصلیٹ لاہور کے پولیٹیکل وپریس آفس کے ڈائریکٹر مسٹر لی ہاؤٹنگ تھے جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے مہمانِ اعزاز کے طور پر شرکت کی۔

تقریب کا آغاز کیک کاٹنے سے ہوا جس کے بعد رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ اس دوران چینی زبان میں نظم، موسیقی اور ملی نغموں نے ماحول کو خوشگوار بنایا۔ چینی زبان کی اساتذہ نے چین کا مشہور گیت پیش کیا جبکہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے طلبہ نے بھی پرفارمنسز پیش کر کے پاک چین ثقافتی تعلقات کی عکاسی کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمسٹر لی ہاؤٹنگ نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے چینی زبان وثقافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ دو قوموں کے درمیان اعتماد، احترام اور تعاون کے مضبوط پل ہیں۔پرو وائس چانسلر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے کہا کہ چینی زبان کی تعلیم پاکستان کے نوجوانوں کے لیے نہایت اہم ہے تاکہ وہ چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے معاشی وترقیاتی منصوبوں، خصوصاً سی پیک سے بہتر طور پر مستفید ہو سکیں۔انہوں نے پاکستان اور چین کی دوستی کو مثالی، مستحکم اور دائمی قرار دیا۔

کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کی چینی ڈائریکٹر مس چن یون شیانگ نے ویڈیو پیغام میں تقریب کو باہمی احترام اور عالمی ثقافتی ہم آہنگی کی علامت قرار دیا اور یونیورسٹی آف سرگودھاکے کردار کو سراہا۔یونیورسٹی آف کراچی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصرالدین خان نے کہا کہ چینی زبان کی تعلیم دونوں ممالک کے درمیان بہتر افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دیتی ہے اور دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے کا باعث بن رہی ہے۔

یونیورسٹی آف سرگودھا کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنا اسٹڈیز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان نے کہا کہ یہ تقریب یونیورسٹی آف سرگودھاکے وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت پاکستانی جامعات کو بین الاقوامی اداروں سے جوڑ کر تعاون کے نئے دروازے کھولے جا رہے ہیں۔چینی اساتذہ نے بھی ویڈیو پیغامات میں طلبہ کو نیک تمناؤں سے نوازا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔