پاکستان-ترکمانستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا پہلا اجلاس

منگل 30 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) پاکستان-ترکمانستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا پہلا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی سنجے پروانی نے کی۔ اجلاس میں وزارت خارجہ اور وزارت تجارت کے حکام نے پاکستان اور ترکمانستان کے مابین سیاسی، معاشی اور ثقافتی تعلقات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں گروپ کے اراکین رانا محمد قاسم نون، فتح اللہ خان، ارشد عبداللہ وھوڑا، خواجہ اظہارالحسن، عثمان علی، صبا تالپور اور نعیمہ کنول نے شرکت کی۔

حکام نے علاقائی روابط کے جاری منصوبوں اور کثیرالجہتی تعاون پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ گروپ کے اراکین نے توانائی کے تحفظ، تجارت و ٹرانزٹ تعاون، علاقائی روابط اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ مفادات پر زور دیا۔

(جاری ہے)

کنوینر سنجے پروانی نے اپنے خطاب میں پاکستان اور ترکمانستان کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ترکمانستان کی آزادی کو سب سے پہلے تسلیم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مثبت روابط قائم ہیں۔

انہوں نے اعلیٰ سطحی تبادلوں، پارلیمانی روابط کو فروغ دینے، عوامی سطح پر تعلقات بڑھانے اور تجارت و روابط کے لیے سازگار فریم ورک کے قیام پر زور دیا۔کنوینر نے وزارت خارجہ اور پاکستان کے ترکمانستان میں سفارتی مشن کو ہدایت دی کہ ترکمانستان کی پارلیمان میں ایک ہم منصب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کے لیے باضابطہ درخواست دی جائے۔اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پارلیمانی پلیٹ فارمز دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے فروغ اور کاروبار، تعلیم اور ثقافتی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔