این آئی اے نے شوپیاں میں ایک اورکشمیری کی جائیداد ضبط کرلی

منگل 30 ستمبر 2025 21:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے’’این آئی اے‘‘ نے شوپیاں میں ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قبضے میں لی گئی جائیداد ملڈیرہ سے تعلق رکھنے والے طارق احمد میر کی ملکیت ہے اور اس میں زمین اور ایک زیر تعمیر مکان شامل ہے۔

یہ جائیداد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘ کے تحت ضبط کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

این آئی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ضبطی ایک کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی ہے۔این آئی اے حکام نے بھارتی پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے جائیداد پر ضبطی کا نوٹس چسپاں کیا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ طارق میر نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حریت پسندوں کو لاجسٹک مدد فراہم کی۔

اگست 2019میں مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی غیر قانونی اور یکطرفہ منسوخی کے بعد سے مکانات، زمینوں اور کاروبارسمیت سینکڑوں جائیدادیں مختلف بہانوں سے ضبط کی گئیں۔ اثاثوں کی ضبطی کا مقصدکشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کرنا اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے علاقے میں بھارتی ہندوئوں کو آباد کرناہے۔