ڈاکٹر عمیر ہارون انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز اکیڈمی کے واحد پاکستانی رکن منتخب

منگل 30 ستمبر 2025 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) ممتاز ٹی وی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون انٹرنیشنل اکیڈمی آف ٹیلی ویژن آرٹس اینڈ سائنسزکے رکن منتخب ہو گئے ہیں جو کہ دنیا کے باوقار انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کا انعقاد کرتی ہے، وہ اس وقت اکیڈمی کے واحد پاکستانی رکن ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کی ٹی وی انڈسٹری کے بڑھتے ہوئے اعتراف کی علامت ہے۔

منگل کو اس اعزاز کے بعد اپنے بیان میں ڈاکٹر ہارون نے کہاکہ اس پلیٹ فارم تک پہنچنا میرے اس عزم کو مزید پختہ کرتا ہے کہ میں میڈیا کو تعلیم، انصاف اور ثقافتی تحفظ کا ذریعہ بنا کر استعمال کرتا رہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹی وی کی کہانی سنانے کی ایک بھرپور روایت ہے، چاہے وہ کلاسک ڈرامے ہوں جنہوں نے عہد متعین کیے یا جدید کہانیاں جو اصل مسائل کو اجاگر کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمیر ہارون نے بتایا کہ وہ200سے زائد دستاویزی فلموں اور ٹی وی پراجیکٹس پر کام کر چکے ہیں اور پاکستان میں سائنس اور تحقیقی کہانی گوئی کے بانی سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے ملک کی پہلی فرانزک سائنس پر مبنی ٹی وی سیریز متعارف کرائی اور ہمیشہ میڈیا کو عوامی خدمت اور تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کی رکنیت کو ٹیلی ویژن کی دنیا میں پیشہ ورانہ کامیابی کا اعلیٰ اعتراف مانا جاتا ہے، اس انتخاب کے ساتھ ڈاکٹر ہارون بین الاقوامی صنعت کے سرکردہ افراد جیسے مو ابودو، ایکتا کپور اور ٹنڈے آئینا کی صف میں شامل ہو گئے ہیں۔

انہوں نے انٹرنیشنل اکیڈمی کی نومینیشن کمیٹی، صدر و سی ای او بروس پیسنر اور ڈائریکٹر ممبرشپ ٹریسی اولیور کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہامیں فخر سے اپنے تخلیقی کمیونٹی کی نمائندگی کرتا ہوں جو دنیا بھر کی اسکرین پر صداقت اور گہرائی لے کر آتی ہے۔ اب میں اکیڈمی کے کام میں بھرپور کردار ادا کرنے کا منتظر ہوں تاکہ دنیا بھر کے غیر معمولی ٹیلنٹ کو پہچان مل سکے۔